Accessibility

Accessibility

Website Zoom

Color/Contrast

Download Reader

The Sitting of the National Assembly has been adjourned to meet again on Monday, the 26th October, 2026 at 05:00 p.m.
Print Print

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر امن، انصاف اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے عالمی عزم کی تجدید پر زور

Friday, 23rd October, 2026
اسلام آباد، 23 اکتوبر 2026؛ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی برادری پر اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کی تجدید کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمہ، سفارت کاری، باہمی احترام اور اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔
 
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 1945ء میں اقوام متحدہ کا قیام عالمی برادری کے اس تاریخی عزم کا مظہر تھا جس کا مقصد تنازعات کی روک تھام، بین الاقوامی تعاون کا فروغ، انسانی وقار کا تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک پُرامن اور منصفانہ دنیا کی تعمیر تھا۔
 
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا مسلح تنازعات، انسانی بحرانوں، معاشی عدم مساوات اور موسمیاتی تبدیلی کے سگین اثرات کا سامنا کر رہی ہے، کثیرالجہتی مکالمے اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر اقوام متحدہ کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
 
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی قانون کا احترام، ریاستوں کی خودمختاری، حقِ خودارادیت اور تنازعات کا پُرامن حل بین الاقوامی نظام کے بنیادی ستون ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی نظام کی مؤثریت کا انحصار اقوام متحدہ کے منشور میں درج اصولوں پر مستقل مزاجی اور غیر جانب داری سے عمل درآمد پر ہے۔
 
پاکستان کی اقوام متحدہ سے دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون پر پختہ یقین رکھتا ہے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، بالخصوص اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی طویل عرصے سے جاری شرکت اس عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمانی سفارت کاری، تعمیری روابط اور بین الپارلیمانی تعاون مختلف ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور مشترکہ عالمی مقاصد کے حصول میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
 
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی برادری کو انصاف اور حقِ خودارادیت کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، بالخصوص دیرینہ تنازعات اور تنازعات سے متاثرہ عوام کی مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسئلہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فلسطین میں بھی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کی فوری ضرورت پر زور دیا، تاکہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کو یقینی بنایا جا سکے۔ انسانیت کو درپیش چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے سردار ایاز صادق نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تیزی لانے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے دوچار ممالک کی معاونت، غربت اور عدم مساوات میں کمی، اور تعلیم، صحت کی سہولیات اور معاشی مواقع تک رسائی بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک اور معاشرے کے کمزور طبقات کو ان اقدامات میں خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
 
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی وعدوں کو مؤثر قانون سازی، جمہوری نگرانی اور جامع پالیسی سازی کے ذریعے عملی قومی اقدامات میں تبدیل کرنا پارلیمانوں کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے نظام کے ساتھ پارلیمانوں کے مضبوط روابط امن، پائیدار ترقی، انسانی حقوق اور جمہوری اداروں کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
 
اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اختلافات اور مفادات سے بالاتر ہو کر مشترکہ ذمہ داری، یکجہتی اور تعاون کے جذبے کو اپنائے۔