وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف سے ملاقات
Friday, 28th August, 2026
اسلام آباد؛ وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر، رانا محمد قاسم نون نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی کشمیر، رانا محمد قاسم نون، نے میاں حمزہ شہباز شریف کو اپنے حالیہ دورۂ برطانیہ اور یورپ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے دورہ یورپ کے دوران پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سمیت مختلف اہم شخصیات اور متعلقہ حلقوں سے ہونے والی ملاقاتوں اور روابط سے بھی آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر
رانا محمد قاسم نون نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آواز مؤثر انداز میں بین الاقوامی فورمز تک پہنچانے کے لیے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کی مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور ان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف کو گلدستہ، یادگاری شیلڈ اور کشمیری ثقافتی اسکارف بطور تحفہ پیش کیا۔