اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آذربائیجان اور قازقستان کے سفیروں کی الوداعی ملاقاتیں۔
Tuesday, 28th July, 2026
اسپیکر قومی اسمبلی کی آذربائیجان اور قازقستان کے سفیروں کی خدمات کو خراجِ تحسین، نیک خواہشات کا اظہار
اسلام آباد:28 جولائی 2026: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آذربائیجان کے سفیر خزر فرہادوف اور قازقستان کے سفیر یرزہان کِستافِن نے اپنی اپنی مدتِ سفارت مکمل ہونے پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں الگ الگ الوداعی ملاقاتیں کیں۔ آذربائیجان کے سفیر خزر فرہادوف سے ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، پارلیمانی روابط اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے آذربائیجانی سفیر کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں، جبکہ دونوں ممالک اہم علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی پارلیمانی فورمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے، جو باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط میں مسلسل اضافہ دونوں ممالک کے تعلقات کے مزید مستحکم ہونے کا مظہر ہے۔ انہوں نے آذربائیجان میں پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کو بھی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے عوامی روابط کی علامت قرار دیا اور پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر خزر فرہادوف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تعریفی کلمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مدتِ سفارت کے دوران انہیں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے بھرپور عزت، محبت اور تعاون ملا، جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ کے لیے اسپیکر سردار ایاز صادق کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مزید مضبوط ہونے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دریں اثنا، قازقستان کے سفیر یرزہان کِستافِن سے ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قازق سفیر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور قازقستان کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں، جنہیں اقتصادی، تجارتی اور پارلیمانی تعاون کے ذریعے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعاون دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، جبکہ پارلیمانی روابط میں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اسپیکر نے اس امر کا بھی ذکر کیا کہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
قازقستان کے سفیر یرزہان کِستافِن نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اظہارِ تحسین پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بطور سفیر پاکستان میں تعیناتی کے دوران انہیں جو عزت، خلوص اور تعاون ملا، وہ ان کے لیے ہمیشہ باعثِ افتخار رہے گا۔