وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کی انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت
Monday, 20th July, 2026
وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان "یومِ الحاقِ پاکستان: تاریخ کا ازسرِ نو جائزہ، مستقبل کی تشکیل" میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
سیمینار انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
سیمینار میں آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان، چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمود، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سفیر معین الحق، ممتاز کشمیری رہنما و انسانی حقوق کی کارکن محترمہ شمیم شال، سعید سلطان سمیت سفارت کاروں، ماہرین، محققین، اساتذہ، میڈیا نمائندگان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے یومِ الحاقِ پاکستان کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسئلہ جموں و کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی قرارداد کی تاریخی اہمیت، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے اپنے خطاب میں یومِ الحاقِ پاکستان کی تاریخی اہمیت، ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی قرارداد کے پس منظر اور مسئلہ کشمیر کی تاریخی، قانونی اور سیاسی حیثیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بالخصوص 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات، مقبوضہ جموں و کشمیر کی تبدیل شدہ صورتحال اور اس کے خطے پر مرتب ہونے والے اثرات پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں محسنِ پاکستان بیرسٹر سردار محمد ابراہیم خان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی جدوجہد میں تاریخی اور فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سردار محمد ابراہیم خان کی بصیرت، بے مثال قیادت اور لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم ان کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔
وفاقی وزیر نے آپریشن بنیانٌ مرصوص کی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی دفاع کے لیے ان کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔
سیمینار کے اختتام پر انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کی جانب سے وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کو یادگاری کتب پیش کی گئیں۔ بعد ازاں معزز مہمانوں اور شرکاء کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائی گئی۔