لیمانی کمیٹی برائے کشمیر، رانا محمد قاسم نون سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات۔
Thursday, 16th July, 2026
اسلام آباد؛ 16 جولائی 2026ء؛ وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر، رانا محمد قاسم نون سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے آج پارلیمنٹ ہاؤس، اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر اور اسے قومی و بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے وفد کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی، قانونی اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق ہے۔
چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے وفد کو بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر مستقبل قریب میں اسلام آباد میں ایک قومی کانفرنس برائے کشمیر منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور اس حوالے سے قومی سطح پر اتفاقِ رائے کو فروغ دیا جا سکے۔
وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے مزید کہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر برطانیہ اور یورپی یونین کا دورہ بھی کرنا چاہتی ہے تاکہ وہاں کے ارکانِ پارلیمنٹ، پالیسی سازوں، تھنک ٹینکس، میڈیا نمائندگان اور کشمیری و پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔
وفد نے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں بیرسٹر سندس ملک اور بیرسٹر راحیل بھی موجود تھے۔