اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 41 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
Friday, 30th January, 2026
سلام آباد، 30 جنوری، 2026؛اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں فتنہ الہندستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر اور کامیاب کارروائیوں کے دوران 41 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سیکیورٹی فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیاب آپریشنز قوم کے تحفظ، ملکی سلامتی اور امن کے قیام کے لیے ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی ہیں۔ انہوں نے ہارنائی اور پنجگور میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کا واضح ثبوت ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائیاں لائقِ ستائش ہیں اور پوری قوم دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک قومی ایکشن پلان اور وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور امن کو نقصان پہنچانے والے شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی ملک کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے جو مادرِ وطن کے دفاع کے لیے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں۔