اکتوبر،8، 2005 کے زلزلے کی برسی — یومِ استقامت قوم کو قربانی، اتحاد اور ایثار کا درس دیتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق
Wednesday, 8th October, 2025
اسلام آباد، 8 اکتوبر 2025ء: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 8 اکتوبر 2005 کے قیامت خیز زلزلے کی برسی کے موقع پر قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ استقامت ہمیں قربانی، اتحاد اور ایثار کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب ہزاروں بستیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئیں اور ہزاروں قیمتی جانیں لقمہ اجل بن گئیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 2005 کے زلزلے کے دوران پوری قوم نے بے مثال اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے متاثرہ ہم وطنوں کی بھرپور مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کی تباہ کاریاں آج بھی ہمارے ذہنوں پر نقش ہیں، جو ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ قومی اتحاد اور جذبۂ ہمدردی ہی ہماری اصل طاقت ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ حالیہ سیلاب بھی 2005 کے زلزلے جیسے قومی اتحاد اور جذبۂ ایثار کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اُس وقت کی قومی یکجہتی کو ایک بار پھر زندہ کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قومی ہم آہنگی اور مؤثر ادارہ جاتی حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی تبدیلی، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب جیسے خطرات سے بچاؤ کے لیے جنگلات کا تحفظ اور وسیع پیمانے پر شجرکاری کو قومی ترجیح بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آفات کے دوران اتحاد، قربانی اور ہمدردی ہی وہ عوامل ہیں جو ایک مضبوط اور پائیدار قوم کی بنیاد رکھتے ہیں۔ اسپیکر نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد اور شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ، سرسبز اور مستحکم پاکستان تشکیل دیا جا سکے۔