Accessibility

Accessibility

Website Zoom

Color/Contrast

Download Reader

The National Assembly Session has been prorogued on Friday, the 17th May, 2024
Print Print

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی عید الفطر کے پر مسرت موقع پر اُمت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد کے پیغامات۔

Tuesday, 9th April, 2024


اسلام آباد۔9 اپریل، 2024؛اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر اُمت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشی اور تشکر کا دن ہے ۔آج کے اس پر مسرت موقع پر ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے ہمیں ماہ صیام میں روزہ رکھنے، عبادت کرنے کی توفیق اور بے سہارا اور حاجت مندوں کی مدد کرنے کا موقع عطا فرمایا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ عید کا دن ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے تاہم اس کی حقیقی خوشی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب ہم معاشرے کے بے سہارا ، ضرورت مند، متوسط طبقات اور خصوصی افراد کی ضرورتوں کا خیال رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔

انہوں نے ایک اسلامی فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے آپس میں رنجشوں اور اختلاف کو بھلا کر ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اسپیکر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے دل کو ہر قسم کی کدورتوں اور رنجشوں سے پاک کر کے اللہ تعالیٰ سے ملک کی ترقی، خوشحالی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے دعائیں مانگنے کا دن ہے۔انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو اپنی صفوں ہم آہنگی کو فروغ دینے، یکجہتی کو قائم کرنے اور متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مادر وطن کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے مسلح افواج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی جری سپوتوں کی وطن کی دفاع کی خاطر پیش کی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

اسپیکر نے عید الفطر کے موقع پر مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں پر ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کی جد وجہد آزادی ان کا بنیادی حق ہے اور پاکستان کی پارلیمان اور عوام ان کی جدو جہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں اسرائیلی ظلم و بربریت کا نشانہ بننے والے معصوم اور بے گناہ فلسطینی بھائیوں، بہنوں کو اپنی خصوصی دعاؤں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عالم اسلام پر زور دیا کہ عید الفطر کے موقع پر وہ اللہ تعالیٰ سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ عید الفطر کا دن جہاں ہمارے لیے خوشیوں کا دن ہے، وہاں ہمیں یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ ہم اس پر مسرت موقع پر اپنے غریب اور نادار بھائیوں کو یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرنے کا دن ہے جس نے ہمیں ماہ صیام میں روزے رکھنے کی توفیق دی۔انہوں نے عید کے اجتماعات میں قومی یکجہتی اور نظم وضبط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں آپس کے سیاسی اختلافات کو بھلا کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ملکر آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہ کہا عید الفطر کے موقع پر پوری قوم اپنے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو بھی اپنی خصوصی دعاؤں میں شامل حال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر پاکستانی عوام کے اپنے فلسطینی اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی جلد آزادی کے لیے دعا گو ہیں۔